رانچی، 21/ نومبر(ایس او نیوز /ایجنسی)جھارکھنڈ کی 81 رکنی اسمبلی کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا۔ بدھ کو دوسرے اور آخری مرحلے میں 67.59 فیصد ووٹرز نے 38 سیٹوں پر اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ یہ ابتدائی اعداد و شمار ہیں جو شام پانچ بجے تک جمع کیے گئے ہیں، اور حتمی نتائج میں کچھ فیصد اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس سے قبل 13 نومبر کو 43 سیٹوں پر پہلے مرحلے کی پولنگ میں 66.65 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو کی جائے گی۔
سنتھال پرگنا کے مہیش پور اسمبلی سیٹ پر سب سے زیادہ 79.40 فیصد ووٹروں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ اس مرحلے میں سب سے زیادہ ووٹنگ والی دیگر سیٹوں میں جمتاڑا ضلع کی نالہ سیٹ پر 78.75 فیصد، دیوگھر ضلع کی سارٹھ پر 77.94 فیصد، رانچی ضلع کی سلی پر 76.70 فیصد، اور دمکا ضلع کی شکاری پاڑا سیٹ پر 74.31 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ اسی دوران، رام گڑھ ضلع میں 71.98 فیصد، دمکا میں 71.74 فیصد، گوڈا میں 67.24 فیصد، صاحب گنج میں 65.63 فیصد، گریڈیہہ میں 65.89 فیصد، اور ہزاری باغ میں 64.41 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ شام 5 بجے تک سب سے کم ووٹنگ بوکارو ضلع میں 60.97 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ایک عہدیدار کے مطابق، دوسرے مرحلے میں کل 1.23 کروڑ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے اہل تھے، اور اس مرحلے میں 528 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
سب سے اہم بات یہ تھی کہ الگ ریاست جھارکھنڈ کے قیام کے بعد یہ پہلا اسمبلی الیکشن تھا جس میں تشدد کا کوئی بڑا واقعہ سامنے نہیں آیا۔ وہ علاقے جہاں دہائیوں تک نکسل ازم کا اثر تھا، وہاں اس الیکشن میں شاندار ووٹنگ کا ریکارڈ قائم ہوا۔ یہ الیکشن اس لحاظ سے بھی خاص تھا کہ خواتین نے سب سے زیادہ ووٹ ڈالنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ پہلے مرحلے میں 43 نشستوں میں سے 37 پر خواتین نے مردوں سے زیادہ ووٹ ڈالے تھے۔ بدھ کو ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں بھی یہی رجحان برقرار رہا۔ درج فہرست قبائل اور درج فہرست ذاتوں کے لیے مخصوص نشستوں پر بھی عام نشستوں کے مقابلے میں زیادہ ووٹنگ ہوئی۔ دونوں مرحلوں میں ریاست میں کل 2 کروڑ 26 لاکھ سے زیادہ ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
اس کے ساتھ ہی انتخابات میں حصہ لینے والے کل 1211 امیدواروں کی تقدیر ای وی ایم میں محفوظ ہو گئی ہے۔ ان امیدواروں میں برہیٹ سیٹ سے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، سرائے کیلا سے سابق وزیر اعلیٰ چمپئی سورین، راجدھنوار سیٹ سے بی جے پی کے ریاستی صدر اور ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ بابولال مرانڈی، چندنکیاری سے جھارکھنڈ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر امر کمار بائوری، نالہ سے اسمبلی اسپیکر رویندر ناتھ مہتو شامل ہیں۔ جے ایم ایم کی اسٹار تشہیر کار کلپنا سورین اور سلی سیٹ سے آجسو کے سربراہ سدیش مہاتو بھی ان میں شامل ہیں۔ نمایاں امیدواروں میں ہیمنت سورین حکومت کے 11 وزراء، سابق وزیر اعلیٰ ارجن منڈا کی اہلیہ میرا منڈا، سابق وزیر اعلیٰ مدھو کوڈا کی اہلیہ گیتا کوڈا، ہیمنت سورین کے بھائی بسنت سورین اور ان کی بھابی سیتا سورین بھی شامل ہیں۔
ریاست میں ایک ایسا پولنگ اسٹیشن بھی تھا جہاں 100 فیصد ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ یہ پولنگ اسٹیشن جمتاڑا اسمبلی سیٹ کے تحت ہنسی پاہاڑی سنیہ پور میں بنایا گیا تھا، جو جذام سے متاثرہ ووٹروں کے لیے مخصوص تھا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس پولنگ اسٹیشن کی ووٹر لسٹ میں کل 57 ووٹرز رجسٹرڈ تھے، اور ان تمام ووٹروں نے جوش و جذبے کے ساتھ اپنا ووٹ ڈالا۔